بھٹکل :18؍ نومبر(ایس اؤ نیوز) بھٹکل اور ہوناور تعلقہ جات کے عام عوام کی دیرینہ مانگ کو حل کرنےکی طرف ریاستی حکومت نے قدم بڑھاتےہوئے دونوں تعلقہ جات کےکل 23گرام پنچایت حدود میں 240کروڑروپئے کی لاگت سےکثیر مضاف پینے کے پانی کے منصوبہ کو ریاستی کابینہ نےمنظوری دے دی ہے۔
مرکزی حکومت کے جل جیون مشن سے 104.30کروڑ روپئے اور کرناٹکا حکومت کی طرف سے 135.70کروڑروپئے کےتعاون سے مشترکہ طورپر بھٹکل تعلقہ کے بینگرے ، شرالی ، ہیبلے ، بائیلور، ماولی -1، ماولی -2، کائی کنی ، ماروکیری (جزوی علاقہ)، بیلکے ، یلووڑی کوؤور، مٹھلی ، منڈلی ،کونار(جزوی علاقہ)۔ ہوناور تعلقہ کے بلکور، میلین اڈگونجی، کاسرکوڈ، کیلگی نور، کوڈانے ، کدرگی، ماگوڈ، نگر بستی کیری، منکی بی (اننت واڑی)، منکی سی (چتار) گرام پنچایتوں کےحدود میں منصوبے کو نافذ کیاجائےگا۔
متعلقہ منصوبہ اگلے 5برسوں کی مدت میں نافذالعمل بنایاجائےگا۔ اس سے قبل سال 2018کے ودھان سبھا انتخابات کے دوران بھٹکل آئے اس وقت کے وزیرا علیٰ سدرامیانے بھٹکل ہوناور حلقہ کو کثیر مضاف پینے کےپانی کے منصوبے کو منطوری دینےکا تیقن دیاتھا لیکن نئی حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد مجوزہ منصوبے کے متعلق کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی تھی ۔ اب چونکہ 2023کے انتخابات کو صرف 4-5 مہینے باقی رہ گئے ہیں تو ریاستی حکومت نے عوام کی خوش آمد کرتےہوئے کابینہ میں منظوری دی ہے۔
منکی اسپتال کی ترقی کا منصوبہ :اس کے علاوہ ریاستی کابینہ نے 930کروڑروپیوں کی لاگت والے منکی پرائمری ہیلتھ سینٹر کو 25بیڈ اسپتال کا درجہ دینے کو بھی ہری جھنڈی دکھائی ہے۔ اس سلسلےمیں بھٹکل ہوناور کے رکن اسمبلی سنیل نائک نے کہا ہےکہ مسلسل کوششوں اور حکومت پر دباؤ بنانے کےبعد ریاستی حکومت نے منصوبے کو منظوری دی ہے۔ جس کے لئے وہ وزیرا علیٰ ، کابینہ کےوزراء اور ایم پی کا شکریہ اداکرتےہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں اس منصوبے کو نافذ کرنےکی تیاری میں ہوں، اگلے دنوں میں بھٹکل اور ہوناور تعلقہ جات میں مزید ترقیاتی کاموں کو انجام دیاجائے گا، اس سلسلےمیں انہوں نےعوام سے تعاون کی اپیل کی ہے۔